سانحہ ماڈل ٹاؤن کو نہیں بھولے انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن کو نہیں بھولے انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں ...

 لاہور(اے این این)پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم کو نہیں بھولی اور نہ انصاف تک چین سے بیٹھے گی ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم کتنے ہی طاقتورسہی مگر بے گناہ خون بہانے پر وہ اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہونگے ۔ تمام احتجاجی ریلیوں میں ڈاکٹر طاہر القادری کا ریکارڈ شدہ پیغام سنایا گیا ۔ کراچی میں نمائش چورنگی سے تبت سنٹر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی رحیق عباسی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی نعرہ ہے’’انصاف دو یا ہمیں بھی مار دو ‘‘جب تک سانس چل رہی ہے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ، اسلام آباد میں میلوڈی چوک سے آبپارہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کی ، ایبٹ آباد میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض نے کی ۔شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ17جون کے سانحہ کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے ،ہم جاننا چاہتے ہیں ڈاکٹر طاہر القادری کے امن پسند ،محبت اور اخوت کا پیغام دینے والے کارکنوں کا آخر قصور کیا تھا ؟ اور ایک سال گزر جانے کے باوجود بھی 14شہدا اور 85زخمیوں کو انصاف کیوں نہیں ملا؟ کوئٹہ میں ڈاکٹر اشتیاق حسین بلوچ نے ریلی کی قیادت کی۔

طاہر القادری

مزید : صفحہ آخر