خواجہ آصف نے آپریشن ضرب عضب کے ایک سال کو فتح کا سال قرار دیدیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسے فتح کا سال قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے کل کیلئے اپنا آج قربان کر دیا ہے۔ دہشگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے خاندانوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم پاک فوج کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کی نگہبانی کرے۔ پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں ایک سال کے دوران اب تک 2 ہزار 763 دہشتگرد ہلاک جبکہ سیکڑوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔