سندھ بجٹ کیخلاف ایم کیو ایم کی ہڑتال ‘ صبح شروع ‘ دوپہر کو ختم

سندھ بجٹ کیخلاف ایم کیو ایم کی ہڑتال ‘ صبح شروع ‘ دوپہر کو ختم

کراچی (خصوصی رپورٹ)سندھ بجٹ کے خلاف ایم کیو ایم کی ہڑتال صبح شروع ہوکر دوپہر کو ختم ہو گئی، کراچی کے مختلف علاقوں میں تجارتی مراکز، پیٹرول پمپس اور دکانیں بند رہیں۔ سندھ کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خلاف ایم کیو ایم کی اپیل پر ہڑتال ہوئی۔ شہر میں تجارتی مراکز، پٹرول پمپس اور دکانیں بند رہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھا۔ شہر میں صبح کھلنے والے ہوٹل اور بیکریاں بھی بعد میں بند ہوگئیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے دوپہر ایک بجے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی اپیل کی تھِی جس کے بعد شہر میں معمولات زندگی بحال ہو گئے۔ شہریوں نے آدھے دن کی ہڑتال کو بہتر قرار دیا۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ اس ہڑتال سے صرف یومیہ اجرت پر کام کرنے والے متاثر ہوئے۔ شہر میں ہڑتال پْرامن رہی اور کہیں کوئی ناگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ دوپہر کے بعد ٹرانسپورٹرز گاڑیاں سڑکوں پر لے آئے اور تمام تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہوگئیں۔

مزید : صفحہ اول