لبرٹی مارکیٹ کے پلازے میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا،آخر کار انتظامیہ نے ایئرفورس کی مدد لینے کافیصلہ کرلیا
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) لبرٹی مارکیٹ کے الفتح پلازہ میں لگی آگ پر 14گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی قابو نہیں پایا جاسکاہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بڑھتی جار ہی ہےتاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگ کو بجھانے کیلئے ایئرفورس کی مدد طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے معروف علاقے لبرٹی مارکیٹ کے الفتح پلازہ میں لگی آگ پر فائر بریگیڈ کا عملہ قابو پانے کی مسلسل کوشش جاری ہےتاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے جس کے بعد حکومت کی جانب سے ائیر فورس کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان کی جانب سے بتایا گیاہے کہ آگ لگنے سے ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن پلازہ کا شیشہ گرنے کی وجہ سے 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ ڈی سی او کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائر برگیڈ کی 15 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ آگ سے پلازہ کی تیسری اور چوتھی منزل متاثر ہوئی ہے ۔
ڈی سی او لاہور کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کی جانب سے بہترین کاروائی کرتے ہوئے پلازہ میں موجود 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور مزید مالی نقصان سے بھی بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے اور واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ افسران موقع پر خود پہنچیں اور سرگرمیوں کا جائزہ لیں ۔