جرم تسلیم کرو یا مزید سزا کیلئے تیار ہو جاؤ، سلمان بٹ کو واضح پیغام

جرم تسلیم کرو یا مزید سزا کیلئے تیار ہو جاؤ، سلمان بٹ کو واضح پیغام
جرم تسلیم کرو یا مزید سزا کیلئے تیار ہو جاؤ، سلمان بٹ کو واضح پیغام

  

کراچی (ویب ڈیسک) پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کو واضح طور پر بتادیا ہے کہ وہ دوہزار دس میں انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کریں یا پھر سزا میں دس سال تک ممکنہ توسیع کا سامنا کریں۔ کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر آفیشل نے بتایا کہ پی سی بی سلمان بٹ اور ان کے وکیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے مگر ابھی تک سابق کپتان پانچ سال قبل لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں براہ راست یا مکمل ملوث ہونے کے حوالے سے اپنا جرم تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے سلمان بٹ اورفاسٹ بالر محمد عامر کے علاوہ محمد آصف پرٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ پر کم از کم پانچ سال کی پابندی عائد کردی تھی۔ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے بھی سلمان بٹ کو پانچ سال کی سزا سنائی۔ پی سی بی کے آفیشل نے بتایا کہ پانچ سال کی معطلی میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے اگر سلمان بٹ آئی سی سی کے اینٹی کریشن کوڈ کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتے ہیں۔

سلمان بٹ پر فعال پابندی اس سال ستمبر میں ختم ہورہی ہے جبکہ محمد عامر کو آئی سی سی نے پابندی ختم ہونے سے قبل سزا میں نرمی کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان کی معطلی بھی ستمبر میں ختم ہوگی۔ کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر آفیشل نے بتایا کہ جب پی سی بی نے سال کے اوائل میں سلمان بٹ کو خط لکھا تھا اور جب ان کی سینئر آفیشلز سے ملاقات ہوئی تھی تو انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لیکن انہوں نے ا بھی تک یہ نہیں مانا کہ ان کا اسپاٹ فکسنگ واقعے میں کوئی کردار تھا۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ پر تحریری اور زبانی طور پر واضح کردیاگیا ہے کہ جب تک وہ اپنی مکمل غلطی تسلیم نہیں کریں گے ، وہ آئی سی سی کے ضابطوں پر پورا نہیں اتر سکتے ہیں اور پی سی بی ان کو سہولت وراحت دینے کیلئے درخواست نہیں کر سکتا ہے۔ اس طرح ان کی معطلی سے متعلق مدت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

مزید : کھیل