ہیلو زمین! کیا مجھے سن سکتی ہو، خلائی روبوٹ فیلے دوبارہ فعال
برسلز (ویب ڈیسک) یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) نے کہا ہے کہ دمدار ستارے کومٹ 67 پی پر اترنے والے خلائی روبوٹ فیلے کئی ماہ بعد دوبارہ فعال ہوگیا ہے اور اس نے زمین سے اپنا پہلا رابطہ کیا ہے۔ فیلے کو گزشتہ برس نومبر میں ستارے پر اتارا گیا تھا اور اس نے 60 گھنٹے کام کیا تاہم اس کی شمسی توانائی والی بیٹری ختم ہوگئی تھی۔ ایجنسی کے مطابق سورج کے قریب جانے کے باعث فیلے میں ایک بار پھر توانائی آگئی ہے اور اس نے فعال ہونے کے بعد اپنا پہلا پیغام بھیجا کہ ہیلو زمین! کیا تم مجھے سن سکتی ہو۔ فیلے نے زمین سے 85 سیکنڈ تک رابطہ رکھا۔ فیلے کے پراجیکٹ منیجر سٹیفن لامیک نے بتایا کہ فیلے بہت بہتر کام کررہا ہے۔ فیلے کو ستارے پر برف اور پتھر کے تجزیے کے لئے اتارا گیا تھا اور اسے خلائی جہاز روزیٹا کے ذریعے ستارے پر بھیجا گیا۔ یہ انسانی تاریخ میں پہلا موقع تھا جب کسی خلائی جہاز نے کسی ستارے کی سطح پر قدم رکھا۔