دہشتگردوں کی موجودگی، وزیراعظم کو مری جانے سے روک دیا گیا

دہشتگردوں کی موجودگی، وزیراعظم کو مری جانے سے روک دیا گیا
دہشتگردوں کی موجودگی، وزیراعظم کو مری جانے سے روک دیا گیا

  

اسلام آباد (آن لائن) مشہور سیاحتی مقام مری اور اس کے گردونواح میں ’’را‘‘ کے تریت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کو ان مقامات پر جانے سے روک دیا گیا۔ مصدمہ ذرائع کے مطابق پاکستان کے حساس اداروں نے وزارت داخلہ اور وزیراعظم ہاؤس کو بھجوائی گئی اپنی رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ مری، پتریاٹہ، ایوبیہ اور بھوربن میں ’’را‘‘ کے تربیت یافتہ دہشت گرد موجود ہوسکتے ہیں اس لئے وزیراعظم، وفاقی وزراء، وزیر اعلیٰ اور دیگر اہم شخصیات ان سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے ’’را‘‘ کے ایجنٹوں سے متعلق کافی شواہد اکٹھے کرلئے ہیں اور عنقریب ان غیر ملکی تربیت یافتہ ایجنٹوں کے خلاف آپریشن شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تربیت یافتہ دہشت گرد گلگت بلتستان، سوات اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ’’را‘‘ کی ان مذموم کارروائیوں کو روکنے کیلئے ایک موثر آپریشن جلد ہی شروع کردیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ان اطلاعات کے بعد کچھ عرصے سے مری نہیں گئے ہیں اور رمضان المبارک میں وزیراعظم کے دورہ مری کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

مزید : اسلام آباد