سعید اجمل کی غیر موجودگی سری لنکن ٹیم کیلئے خوش آئند ہے: اتاپتو

سعید اجمل کی غیر موجودگی سری لنکن ٹیم کیلئے خوش آئند ہے: اتاپتو
سعید اجمل کی غیر موجودگی سری لنکن ٹیم کیلئے خوش آئند ہے: اتاپتو

  

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکن کوچ مارون اتاپتو نے پاکستانی ٹیم میں سعید اجمل کی غیر موجودگی کو سری لنکن ٹیم کیلئے مثبت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اجمل کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انتہائی بدقسمتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کوچ نے بدھ سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم میں اصل تبدیلی سعید اجمل کی غیر موجودگی ہے کی صورت میں نظر آتی ہے کیونکہ اس وجہ سے سری لنکن ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل پاکستانی ٹیم کے سب سے اہم ہتھیار رہے ہیں اور ان کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ انتہائی بدقسمتی ہے تاہم ٹیموں کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نفسیاتی چیز ہے کیونکہ سب ہی جانتے ہیں کہ سعید اجمل اپنی فارم میں ہوں تو ناصرف سری لنکن بلکہ دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیتے تھے۔اتاپتو نے کہا کہ سعید اجمل نے بہت سے بلے بازوں کی نیندیں حرام کیں، ان کے نا ہونے سے نفسیاتی برتری حاصل ہے لیکن ابھی بھی سری لنکن بلے بازوں کو اچھی گیندوں کا احترام کرتے ہوئے بری گیندوں پر شارٹس کھیلنا ہوں گے۔ اتاپتو نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم میں سعید اجمل کی غیر موجودگی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پاکستانی ٹیم کو آسان سمجھا جائے۔ اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ” میرا ماننا ہے کہ پاکستان کے پاس اچھے باو¿لرز ہیں جو میچ جیت سکتے ہیں لیکن اس کیساتھ ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ وہ ابھی تک ایسا نہیں کر سکے“۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا پہنچ چکی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بدھ کے روز شروع ہو گا۔

مزید : کھیل