دوبارہ موقع ملا تو بغیر ہچکچاہٹ پاکستان جانے کیلئے ہاں کروں گا: سکندر رضا

دوبارہ موقع ملا تو بغیر ہچکچاہٹ پاکستان جانے کیلئے ہاں کروں گا: سکندر رضا
دوبارہ موقع ملا تو بغیر ہچکچاہٹ پاکستان جانے کیلئے ہاں کروں گا: سکندر رضا

  

ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک) زمبابوین بلے باز سکندر رضا نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو ”شاندار“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ پاکستان جانے کا موقع ملا تو وہ پہلے کرکٹر ہوں گے جو بغیر ہچکچاہٹ کے پاکستان جانے کیلئے رضامند ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایک برطانوی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم پاکستان پیسوں کے لئے نہیں بلکہ کرکٹ روابط کو بہتر بنانے کے لیے گئے تھے اور جس طرح شائقین نے ان کا استقبال کیا وہ کبھی نہیں بھول پائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شائقین قذافی سٹیڈیم میں زمبابوین کرکٹرز کی میزبان پلیئرزکے برابر حوصلہ افزائی ہوئی اور اگر دوبارہ جانے کا موقع ملا تو پہلا کرکٹر ہوں گا جو بغیرہچکچاہٹ کے ہاں کہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ قذافیاسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے ایسا ہی محسوس ہو رہا تھا جیسے اپنے ملک میں کھیل رہے ہیں، میدان میں موجود شائقین جتنے نعرے اپنی ٹیم کیلئے لگاتے اتنے ہی ہمارے حق میں بھی ہوتے تھے جبکہ سٹینڈز میں زمبابوین پرچم اور نعروں میں” زمبابوے“ ”زمبابوے“ کی گونج سن کر یقین نہیں آ رہا تھا کہ ہم اپنے ملک سے باہر کھیل رہے ہیں۔ پاکستانیوں نے بہترین مہمان نوازی سے ثابت کردیا کہ وہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اپنے درمیان کھیلتا دیکھنے کے حق دار ہیں۔ انہوں نے بھاری رقم کی لالچ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کیلئے زمبابوین ٹیم کو پاکستان بھیجا کیونکہ ماضی میں پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں زمبابوے کو سپورٹ کیا ہے اور سچ تو یہ ہے کہ زمبابوے ٹیم کو بھی بہت کم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کیلئے زمبابوین کرک ٹیم کو کتنے پیسے ملے یہ بات اہم نہیں، ہمارے لئے تو بس شائقین کی محبت ہی سب کچھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا، ہنسی خوشی مختلف تقاریب میں بھی شرکت کرتے رہے اور بہترین کرکٹ کھیل کر بھی لطف اندوز ہوئے۔ پاکستانی شائقین ہر صورت اس کے حقدار ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹرز کو اپنے سامنے کھیلتا ہوا دیکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ سے قبل ٹیم وطن واپسی کا سوچ رہی تھی لیکن جب کھلاڑیوں سے پوچھا گیا تو سب نے ہر صورت دورہ مکمل کرنے کا کہا کیونکہ وہ ہزاروں کی تعداد میں شائقین کو مایوس نہیں کرنا چاہتے تھے۔ سکندر رضا نے کہا کہ پاکستان جاکر ہر زمبابوین کھلاڑی خوش ہوا، اگر کبھی دوبارہ ٹورکا موقع ملاتو سب ہی راضی ہوجائیں گے لیکن میں پہلا پلیئر ہوں گا جو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے فوری ہاں کرے گا۔

مزید : کھیل