سعودی عرب میں پاکستان کو نمایاں ترین مقام دلوانے میں پاکستانی انجینئرز کا انتہائی اہم کردار ہے:قونصل جنرل پاکستان

سعودی عرب میں پاکستان کو نمایاں ترین مقام دلوانے میں پاکستانی انجینئرز کا ...
سعودی عرب میں پاکستان کو نمایاں ترین مقام دلوانے میں پاکستانی انجینئرز کا انتہائی اہم کردار ہے:قونصل جنرل پاکستان

  

جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) قونصل جنرل پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستان کو نمایاں ترین مقام دلوانے میں پاکستانی انجینئرز کا انتہائی اہم کردار ہے۔ او آئی سی کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی سیمینار کا انعقاد کروائیں گے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ رکن ممالک میں اہم ترقی کی راہیں متعین ہوں گی۔

سابق سعودی سفارتکار علی الغامدی کا کہنا تھا کہ اگر مجھے یہ کہا جائے کہ سعودی عرب کی شہریت کے علاوہ کس ملک کی شہریت لوگے تو میرا انتخاب پاکستان ہوگا.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ”پاکستانی انجینئرز ویلفیئر فورم“ کے زیر اہتمام ”پاکستان کی سائنس و انجینئرنگ میں ترقی“ کے زیر عنوان ایوان صنعت و تجارت جدہ کے آڈیٹوریم میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق سعودی سفارتکار علی الغامدی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی مملکت کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا مثالی ترقی میں اہل پاکستان کا اہم کردار ہے۔

پاکستانی انجینئرز اور ڈاکٹر سب سے پہلے مملکت آئے اور سعودی عرب کی ترقی میں اپنا مثالی کردار ادا کیا۔ الغامدی نے مزید کہا کہ پاکستان میرے لئے وطن ہے اگر مجھے یہ کہا جائے کہ سعودی عرب کی شہریت کے علاوہ کس ملک کی شہریت لوگے تو میرا انتخاب پاکستان ہوگا۔ میرا بڑا عرصہ پاکستان میں گزرا ہے۔ میں نے وہاں کے عوام کو بڑے قریب سے دیکھا ہے۔ پاکستانی ارض حرمین سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔ ہمیں پاکستان پر فخر ہے۔

الغامدی نے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تائید کی، تقریب میں انجینئر الطاف حسین کی کتاب ”نقش دوام“ کی بھی رونمائی کی گئی جس میں مسلمانوں کے ایجادات اور ترقی میں ان کے کردار پر بھرپور طریقے سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ شاہ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم ظہران کے سینئر ڈاکٹر شکیل احمد نے مقالہ پیش کیا جبکہ ڈاکٹر شوکت حمید خان نے پاکستان میں ہونے والی سائنسی اور انجینئرنگ میں ہونے والی ترقی پر سیر حاصل گفتگو کی، فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالعلیم خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جدہ ایوان صنعت و تجارت کے ڈپٹی چیئرمین کے ہمیشہ بھرپور تعاون اور مارچ میں فورم کی دعوت پر کامیاب پاکستان کے دورے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

انجینئرنگ فورم کی جانب سے بہترین خدمات پر انجینئر ہمایوں تقی اور انجینئر خرم خان کو شیلڈ دی گئی۔ فورم کے دیگر منتظمین میں انجینئر احسان الحق، انجینئر کوثر بشیر، انجینئر شمس، انجینئر ظہیر قیوم، انجینئر ناصر، انجینئر محمد حسین، اویس اکرم اور انجینئر اشتیاق ہاشمی بھی شامل تھے۔ سیمینار کا آغاز قاری آصف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں پروفیشنلز نے شرکت کی، سیمینار کے اختتام سے قبل لکی ڈرا کے ذریعے حاضرین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

مزید : بین الاقوامی