سی پیک کے باعث پاکستان دنیا بھر میں پسندیدہ ملک بن گیا، عا رف قا سم

سی پیک کے باعث پاکستان دنیا بھر میں پسندیدہ ملک بن گیا، عا رف قا سم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر )تاجر رہنما و صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے باعث پاکستان دنیا بھر میں پسندیدہ ملک بن گیا ہے، پاکستان2025میں دنیا کی بہترین اور 2047میں10بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے اور دنیا بھر کے مستند جرائد پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہے ہیں ،عارف قاسم نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کو دنیا کا پسندیدہ ملک بنادیا ہے اورپاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایشیاء کی بہترین سٹاک ایکسچینج قرار دیا جارہا ہے جبکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تین گنا اضافہ ہوا ہے


،انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دنیا میں جاری سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے55ارب ڈالرمالیت سے زائد کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائے گا، طویل ،کشادہ اور محفوظ سڑکیں ، توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر بندرگاہ کا منصوبہ پاکستان کیلئے روشن مستقبل کی نوید ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک میں شامل توانائی منصوبے بھی 2018تک پائیہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے جس سے توانائی بحران کا بھی مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گااور صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوجائے گا۔

مزید :

کامرس -