این آئی بی بینک کے ایم سی بی بینک میں انضمام کی منظوری

این آئی بی بینک کے ایم سی بی بینک میں انضمام کی منظوری

  

لاہور(پ ر) بینک دولت پاکستان نے این آئی بی بینک کے ایم سی بی بینک میں انضمام کی منظوری دے دی۔ بینک دولت پاکستان نے اپنے نوٹیفیکیشن بتاریخ 13 جون، 2017 کے ذریعے بینکنگ کمپنیز آرڈیننس مجریہ 1962 کی شق 48 کی ذیلی شق (4) کے تحت انضمام کی سکیم کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری تمام دیگر مروجہ قوانین کے تقاضوں کی تعمیل سے مشروط ہے۔انضمام کی سکیم ایس بی پی کی منظوری کے بعد 30 دن کے اندر اندر دونوں بینکوں کی جانب سے ایس بی پی کو مطلع کردہ تاریخ کو مؤثر (مؤثر ہونے کی تاریخ) ہوگی۔ مؤثر ہونے کی تاریخ سے تمام جائیدادیں، اثاثہ جات، ادائیگیاں، حقوق اور فرائض ایم سی بی بینک میں مستقل طور پر یکجا ہو جائیں گے جس کے نتیجہ میں این آئی بی بینک ایم سی بی بینک میں ضم ہو جائے گا۔ مؤثر ہونے کی تاریخ سے این آئی بی بینک کا وجود ختم ہو جائے گا۔ اب دونوں بینک صارفین کے ڈیٹا کی تیکنیکی منتقلی پر کام شروع کریں گے۔دونوں بینکوں کا انضمام/امتزاج حصص کے تبادلے کے انتظام کے تحت عمل میں لایا جائے گا چنانچہ ایم سی بی بینک کا ایک شیئر این آئی بی بینک کے 140.043 شیئرزکے بدلے میں جاری کیا جائے گا۔این آئی بی بینک کے غیر متفقہ حصص یافتگا ن اپنے این آئی بی شیئر کی قیمت مبلغ 1.70 روپے فی شیئر کے حساب سے وصول کرنے کے حقدار ہوں گے۔دونوں بینکوں کے انضمام/امتزاج کی منظوری کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے بھی 2 جون، 2017 کو دے دی ہے اور دیگر متعلقہ کاروباری اور انضباطی اداروں نے بھی اس سلسلے میں رضامندی ظاہر کردی ہے۔ حسن اینڈ حسن (ایڈووکیٹس) اور پی ڈبلیوسی پاکستان (فنانشل اینڈ ٹیکس ایڈوائزرز) نے انضمام کے لیے ایم سی بی بینک کے قانونی اور فنانشل/ٹیکس کے معاملات کو انجام دیا۔

مزید :

کامرس -