غیر موزوں طریقہ آبپاشی پانی کے ضیاع کاباعث بن رہاہے ،ماہرین ایوب

غیر موزوں طریقہ آبپاشی پانی کے ضیاع کاباعث بن رہاہے ،ماہرین ایوب

  

فیصل آباد(بیورورپورٹ )ایو ب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ غیر موزوں طریقہ آبپاشی نہ صرف پانی کے ضیاع کاباعث بن رہاہے بلکہ ترشاوہ پھلوں کے باغات کی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں لہٰذا باغبان ایسے مقامات پر نئے باغ لگائیں جہاں پانی وافرمقدارمیں دستیاب ہو۔

،ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کی خاطر خواہ نشوونما کیلئے پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے جبکہ پودوں میں خوراک کی جڑوں سے پتوں اور دیگر حصوں تک رسائی پانی ہی کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پانی ضیائی تالیف کا لازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیر سے پودوں کو برے اثرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے اس لئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو تاہم ترشاوہ باغات کی کاشت کیلئے پانی کی مقدار اور وقفہ، موسمی حالات، کاشتی امور، زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اور عمر کے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر بھی منحصر ہے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی خصوصاً پھل کی بڑھوتری پر اثر انداز ہوتی ہے جس سے سب سے برا اثر پھل کا گر جانا ہے نیزخاص طور پر جون میں پھل کا گرنا زیادہ تر پانی کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

مزید :

کامرس -