ریسلنگ لیجنڈ گولڈ برگ کا رنگ میں واپسی کا عندیہ
واشنگٹن(صباح نیوز)ریسلنگ کی دنیا کے لیجنڈ بل گولڈ برگ نے رنگ میں واپسی کا عندیہ دے دیا ہے،ریسل مینیا 33کے بعد انڈر ٹیکر نے ممکنہ طور پر ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا مگر ان کے ساتھ ایک اور لیجنڈ ریسلر بل گولڈ برگ کی بھی ریٹائرمنٹ کی خبریں سامنے آئیں۔اب انہوں نے ایک بار پھر ریسلنگ رنگ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے۔ڈبلیو ڈبلیو ای کے حکام چودہ سال بعد بل گولڈ برگ کی واپسی پر کافی خوش ہوئے تھے اور ان کی موجودگی شوز کی ریٹنگ بڑھانے کا باعث بھی بنی جس کے دوران انہوں نے یونیورسل چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔بروک لیسنر نے ریسل مینیا 33میں گولڈ برگ کو شکست دیکر یہ چیمپئن شپ جیت لی تھی۔اب ایک انٹرویو کے دوران بل گولڈ برگ نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں دوبارہ واپسی کا اشارہ دیتے ہوئے ممکنہ حریفوں کے ناموں پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت متعدد نوجوان باصلاحیت ریسلرز موجود ہیں جو کہ سپر اسٹار بن سکتے ہیں، جن میں بران اسٹرومین اور رومن رینز نمایاں ہیں، جن کے ساتھ رنگ میں کام کرنا تفریح کن ہوگا۔ڈبلیو ڈبلیو ای بھی رومن رینز اور بل گولڈ برگ کا مقابلہ کرانے میں دلچسپی رکھتی ہے
جبکہ پرستار بران اسٹرومین کے ساتھ بھی مقابلے کو پسند کریں گے۔خاص طور پر رومن رینز کی جانب سے انڈرٹیکر کو شکست دیئے جانے کے بعد بل گولڈ برگ کا مقابلہ زیادہ دلچسپی کا باعث بنے گا۔بل گولڈ برگ نے چودہ برس بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپس آکر پہلے میچ میں بروک لینسر کو ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں شکست دے کر سب کو دنگ کردیا تھا۔