لندن : 24منزلہ رہائشی گرینفل ٹاور جل کر تباہ ، 12افراد ہلاک ، 70زخمی

لندن : 24منزلہ رہائشی گرینفل ٹاور جل کر تباہ ، 12افراد ہلاک ، 70زخمی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)لندن کے مغربی علاقے شمالی کینسنگٹن میں ایک چوبیس منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 12 افراد ہلاک جبکہ پوری عمارت جل کر تباہ ہوگئی ، 70 متاثرہ افراد کو ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا،طبی ذرائع نے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق عمارت میں پھنسے لوگوں کی چیخیں سنی گئیں اور وہ اپنے بچوں کو بچانے کیلئے فریادیں کرتے رہے، فائر بریگیڈ نے بڑی تعداد میں لوگوں کو عمارت سے نکالا لیکن لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے ابھی تک بڑی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں ۔ چوبیس منزلہ میں عمارت میں آگ بھڑکنے کے دس گھنٹوں بعد بھی ابھی تک آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا اور عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق آگ لیٹیمر روڈ پر واقع گرینفل ٹاور میں منگل کی شب سوا ایک بجے لگی اور آگ بجھانے والا عملہ کئی گھنٹے سے اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔گرینفل ٹاور میں سینکڑوں افراد رہائش پذیر ہیں ،لندن کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ بجھانے کی کوششوں میں چالیس فائر انجن اور عملے کے دو سو ارکان حصہ لے رہے ہیں۔گریفنل ٹاور کی ساتوں منزل پر رہائش پذیر پال موناجو وہاں سے بھاگ جانے میں کامیاب رہے نے بتایا وہ آگ لگنے کی وجہ سے الرٹ ہوئے نہ کے فائر الارم سے، لیکن نیچے گلی میں بہت سے لوگ جمع تھے جو چیخ رہے تھے ’’کودنا مت، کودنا مت۔انھوں نے کہا میں یہ نہیں جانتا عمارت سے کتنے لوگوں نے چھلانگ لگائی لیکن میرے لیے اہم بات یہ ہے کہ عمارت میں موجود فائر الارمز نے اپنا کام نہیں کیا۔لندن فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر ڈین ڈالی کا کہنا ہے 'فائر فائیٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم یہ بہت بڑا اور سنجیدہ واقعہ ہے اور اس کیلئے ہم نے متعدد ذرائع اور خصوصی آلات کا استعمال کیا ہے۔ایک عینی شاید ٹم ڈونی کے مطابق عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر جل چکا ہے، بہت بڑی آگ ہے۔کنسنگٹن اور چیلسی کونسل کے مطابق یہ عمارت 24 منزلہ ہے اور اس میں 120 فلیٹس ہیں،

لندن آتشزدگی

مزید :

علاقائی -