فلمی صنعت کیلئے وزیر اعظم کا تاریخ ساز خصوصی پیکیج کا اعلان

فلمی صنعت کیلئے وزیر اعظم کا تاریخ ساز خصوصی پیکیج کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم نواز شریف نے فلمی صنعت کیلئے تاریخ کے سب سے بڑے خصوصی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے فن اور فنکار پاکستانی معاشرے اور اس سے جڑی درخشاں روایات کے امین ہیں، فنکاروں نے عالمی افق پر ملکی تشخص ثقافت ورثے اور ادب کو زندہ رکھا ، پیکج کا اعلان یقیناً ہمارے باقی وعدہ کی طرح ایک اور وعدے کی تکمیل ہے ، صنعت سے وابستہ مالیاتی قوانین میں نرمی اور ٹیکس سے استثنیٰ کی سہولیات بھی فراہم کی جانی چا ہیں ، غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان کے سیاحتی، ثقافتی،تاریخی اور پر فضا مقامات پر فلم بنانے پر خصوصی رعایت دی جا ئیگی تا کہ اس میڈیم کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ حاصل ہو سکے۔ایوان وزیر اعظم کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا فلمی صنعت کی بحالی کو یقینی بنانا ہمارے اولین فرائض میں شامل تھا اور انتہائی مسرت کیساتھ اس صنعت سے وابستہ فنکاروں اور ہنر مندوں کیلئے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اور خصوصی پیکیج کا اعلان کر رہا ہوں۔بد قسمتی سے گزشتہ کئی برسوں میں پاکستان اور اسکے غیور عوام نے دہشت گردی کے خوفناک عفریت کو ہماری گلیوں، مساجد، امام بارگاہوں،عوامی اجتماعات کی جگہوں پر محو رقص دیکھا،لیکن الحمداللہ ہماری بہادر افواج اور قانون کے پاسبان اداروں کی قربانیوں اور قوم کے غیر متزلزل ارادوں کے باعث دہشتگردی میں نمایاں کمی آئی،اسلئے معیاری تفریح کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور بخوبی آگا ہ ہیں معیاری تفریح کا مطلب سیاحت، کھیل کے میدان، تفریحی پارکس، ثقافتی سرگرمیوں کے گرد گھومتا ہے جس کا مرکز یقیناًفلمی صنعت کی بحالی ہے، آج انتہائی فخر سے وزارت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ کی ارسال شدہ تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے فلم کے بے نام و بے شکل وجود کو با قاعدہ صنعت کا درجہ دینے کا اعلان کر رہا ہوں جو1992میں ہمارے ہی دور حکومت کی منظور شدہ پالیسی کا تسلسل ہے، فنکاروں کے مالی معاملات میں بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے پرائم منسٹر آرٹسٹ ویلفیئر فنڈکے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں تا کہ ان خوبصورت و با صلاحیت افراد کی عزت نفس کی ہر ممکن حفاظت کی جا سکے۔اسی تناظر میں حکومت کی جانب سے تفریحی ٹیکس (انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی)پر مکمل چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سے منسلک آمدن ٹیکس میں مراعات کواور بڑھایا جائے گا ، وزارت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ وزارت خزانہ اور متعلقہ اداروں کیساتھ باہمی مشاورت سے اس پیکج کو جلد نافذ العمل شکل میں حکومت کو حتمی منظوری کیلئے پیش کرے۔

خصوصی پیکج

مزید : علاقائی


loading...