ڈیرہ گجراں تالکشمی چوک ، اورنج ٹرین کے 11بالائے زمین سٹیشنوں کی تعمیر مکمل

ڈیرہ گجراں تالکشمی چوک ، اورنج ٹرین کے 11بالائے زمین سٹیشنوں کی تعمیر مکمل

  

لاہور(اپنے خبر نگار سے) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک اورنج لائن میٹروٹرین کے 11بالائے زمین سٹیشنوں کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد یہاں الیکٹریکل و مکینکل ورکس شروع کر دیاگیا ہے ۔ میٹرو ٹرین گزارنے کے لئے پیراشوٹ کالونی سے ملحقہ ریلوے یارڈپر پل کی تعمیر تیزی سے جاری ہے ۔ چوبرجی سے علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ تک پیکیج ٹو کا بالائے زمین راستہ تعمیرکرنے کے لئے یوٹب گرڈرز نصب کرنے کا کام آج سے شروع ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چاہ میراں میں گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لئے لیسکو کو اراضی فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ برساتی پانی کے نکاس کے لئے حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک دو ارب40کروڑ روپے کی لاگت سے 13کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر شروع کردی گئی ہے جسے چھ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 70.30فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 83.20 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا 51.5فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 75.0فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 71.0فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ میٹرو ٹرین کے ٹریک کے نیچے شجر کاری اور سبزہ زاری کا کام بلاتاخیر شروع کر دیاجائے اور منصوبے سے متاثرہ چارسکولوں میں تعمیراتی کام تعطیلات کے دوران ہر لحاظ سے مکمل کر لیا جائے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران لیسکوکی طرف سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تعمیراتی کام کے لئے بجلی کے شٹ ڈاؤن سے گریز کیاجائے ۔ افطاری سے قبل سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کے باعث ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور انہیں سایہ کے لئے چھتریاں مہیا کی جائیں۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘ سینئر ڈپٹی میئر لاہور نذیر خان سواتی ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اورنیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -