طاقتور خاندان آج احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہے،جمشید چیمہ

طاقتور خاندان آج احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہے،جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والا حکمران خاندان آج احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہے ۔حکمران اپنے لئے تو اربوں کا بجٹ رکھتے ہیں لیکن غریبوں کا نہیں سوچتے۔

، ایوان صدر ،وزیر اعظم ،گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤ س کے اخراجات کیلئے تو بجٹ میں کروڑوں کا اضافہ کر لیا جاتا ہے جبکہ مزدور کی کم سے کم اجرت میں 400روپے اضافہ کر کے اس کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات میں انصاف پینل کی کامیابی کی خوشی میں تقریب کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے اقتدار میں رہ کر ملک و قوم کی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کے چہرے سے نقاب اتارنا اور عوام میں ان کے حقوق کیلئے شعور بیدار کرنا عمران خان کی سالہا سال کی محنت کا ثمر ہے جو ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پی ٹی آئی کی جدوجہد کے نتیجے میں پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کا احتساب ہو رہا ہے ،کیا قوم حکومت کی اتحادی پیپلز پارٹی سے اس کی توقع کر سکتی ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی مفادات نہیں بلکہ ملک و قوم کے مفاد کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ حکمران خاندان اور ان کے حواری پی ٹی آئی کو کرپشن کے خلاف جاری جدوجہد سے پیچھے ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں لیکن ہم ان سے مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ مزید جوش و جذبے سے آگے بڑھیں گے اور کرپشن کے ناسور کی آبیاری کرنے والوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔