منافع خوروں کیخلاف کارروائی کر کے 13دکانداروں کو جرمانے
لاہور )کامر س رپورٹر(چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی لاہور میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے جو ہر ٹاؤن اور ویلنشیاء ٹاؤن کی اوپن مارکیٹوں میں منافع خوروں کیخلاف کارروائی کر کے 13دکانداروں کو جرمانے ،4 کے خلاف مقدمے کااندراج جبکہ 2 کو موقع پر ہی جیل بھجوا دیا جبکہ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا گیااور بھاری جرمانے کرکے سخت تنبیہ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے جوہر ٹاؤن کی جی ون مارکیٹ میں مختلف سٹورز اور دکانوں پر سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا اور منافع خوری میں ملوث 7دکانداروں کو جرمانے کئے۔ اس دوران دودکاندار وں کے خلاف ایف آئی ار کا اندراج جبکہ ایک کو جیل بھجوا دیاگیا۔
اس موقع پر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور غیر معیاری پھل ہٹوا دئیے گئے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی نے ویلنشیاء ٹاؤن کی اوپن مارکیٹوں میں بھی قیمتوں کا جائزہ لیا اور منافع خوری میں ملوث 6دکانداروں کو جرمانے ،دو کے خلاف مقدمے کے اندراج جبکہ ایک دکاندار کو جیل بھجوا دیا گیا۔کارروائی کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں پر معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے مختلف مقامات پر بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر بھی قیمتوں کا جائزہ لیا اور کئی سٹورز کو جرمانے کرکے سخت تنبیہ کی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں میاں عثمان نے کہا کہ قیمتوں کا جائزہ لینے کا ایک میکنزم ہے اور اور منافع خوری کی تصدیق پر اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن کسی کوبھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔