جنوبی پنجاب کیلئے پہلی مرتبہ 213ارب مختص ، ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا : شہباز شریف

جنوبی پنجاب کیلئے پہلی مرتبہ 213ارب مختص ، ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا عزم کر رکھا ہے اور جنوبی پنجاب سے پسماند گی کا خاتمہ حکومت کی اولین تر جیح ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں جن تر قیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے، اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی جنوبی پنجاب کے لئے اربوں روپے کے تر قیاتی منصوبوں کو سر فہر ست رکھا گیا ہے اور پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے لئے 213 ارب روپے کے خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں، جس سے جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے پروگرام کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اوراس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں سے کیا جائے گا اور 2018 کے اوائل میں یہ پروگرام مکمل ہوگا، اسی طرح رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام عمل میں لایا گیاہے جبکہ مظفر گڑھ سے ڈیرہ غازی خان اور علی پور پنجند تک دو رویہ روڈ کی تعمیر کے لئے فنڈز مختص کر دئیے ہیں اور لودھراں خانیوال روڈ کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے جس پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے لئے 45ارب روپے کی خطیر رقم تر قیاتی منصوبوں کے لئے مختص کی گئی ہے۔ملتان اور بہاولپور میں سیف سٹیز پراجیکٹس بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کو تعلیم کے حصول کیلئے پیش آنے والی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے ’’زیور تعلیم‘‘ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ خادم پنجاب اجالا پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جائے گا اور اس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے ہزار وں سکول شمسی توانائی کے ذریعے روشن ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 موبائل ہیلتھ یونٹس پہلے ہی جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اورمزید16 موبائل ہیلتھ یونٹس جنوبی پنجاب کے اضلاع میں عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ پنجاب حکومت 100 مزید موبائل ہیلتھ یونٹس منگوا رہی ہے اور یہ موبائل ہیلتھ یونٹس بھی جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی دل و جان سے عزیز ہے۔ دانش سکولز جیسے علم و دانش کے گہوارے بھی جنوبی پنجاب میں ہی قائم کئے گئے ہیں اور دانش سکولوں میں غریب ترین خاندانوں کے بچوں کو قیام و طعام اور تعلیم کی سہولتیں مفت دی جا رہی ہیں اور بہاولپور میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں اور ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے دیہی معیشت کو فروغ ملا ہے۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -