مغلپورہ ،ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی وارداتوں پر تاجر برادری کا شدید احتجاج ،ٹائروں کو جلا کر سڑک بلاک کر دی

مغلپورہ ،ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی وارداتوں پر تاجر برادری کا شدید احتجاج ...

  

لاہور(خبر نگار) مغل پورہ کے علاقہ میں شالامار لنک روڈ پر ڈکیتی، راہزنی اور چھینا جھپٹی سمیت نوسر بازی کی وارداتیں عروج پر، تاجر اور علاقہ کے مکین سڑکوں پر نکل آئے، شالا مار لنک روڈ کے تاجروں نے شالامار لنک روڈ تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی منظور احمد کی قیادت میں شالامار لنک روڈ بلاک کر کے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کیا ، اس موقع پر تاجروں نے روزے کے دوران تپتی دھوپ اور شدید گرمی میں شالیمار لنک روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شالامار لنک پر ڈکیتی اور راہزنی کے ساتھ نوسر بازی اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں نے نیندیں حرام کر دی ہیں۔ گزشتہ روز تین ڈاکوؤں کے دن دیہاڑے موبائل فون شاپ سے لاکھوں روپے مالیت کے درجنوں موبائل فون سیٹ ، لیپ ٹاپ اور ہزاروں روپے نقدی لوٹنے پراحتجاج کیا گیا۔ مظاہرہ میں مقامی افراد وراہ گیر بھی شامل ہو گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حاجی منظور احمد نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں یہ دوسری واردات ہے جبکہ شالامار لنک روڈ کو نوسر بازوں اور راہزنوں نے لوٹ مار مچا رکھی ہے، خواتین سے نوسر بازی اور چھینا جھپٹی کی وارداتیں عام ہو چکی ہیں، ۔اس موقع پر ایس ایچ او مغل پورہ شیخ اکمل نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی، جس پر تاجروں نے احتجاج ختم کر دیا۔

مزید :

علاقائی -