پی آئی اے کا ٹھیکیدار 200 ورک چارج ملازمین کی تنخواہیں لے کر رفو چکر
لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا ٹھیکیدار پی آئی اے کے 200 سے زائد ورک چارج ملازمین کی تنخواہیں لے کر رفو چکر ہو گیا جس پر ملازمین گزشتہ روز سراپا احتجاج بن گئے ۔ تنخواہ نہ ملنے کے باعث ملازمین کو عید کی تیاریوں میں دشواری کا سامناہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائنز کے ڈیلی ویجز ملازمین بار بار ٹھیکیدار محمد یونس کے دفتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکیدار محمد یونس کو عید سے قبل ہی ملازمین کی تنخواہ ادا کر دی گئی تاکہ ملازمین کو تنخواہیں مل سکیں لیکن ٹھیکیدارنے تنخواہ تقسیم نہیں کی۔ تنخواہ نہ ملنے پر ملازمین کوعید کی تیاریوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ملازمین کی بے بسی پر ایئرلائن انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بن گئی ہے جبکہ ٹھیکیدار محمد یونس کسی کا فون بھی نہیں اْٹھا رہاہے۔