چکوال میں ن لیگ ناقابل شکست ہوچکی ہے،.چوہدری خورشید
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ نے بدھ کے روز بتایا کہ سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت سے مسلم لیگ ن ضلع چکوال میں ناقابل شکست ہوگئی ہے۔ البتہ کچھ موقع پرستوں کو سردار غلام عباس کی شمولیت سے خوف اور ڈر پیدا ہوگیا ہے حالانکہ سردار غلام عباس نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ پارٹی قائدین کے فیصلوں کے پابند ہیں اور سردار غلام عباس کسی کو نیچا دکھانے کیلئے مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوئے۔ اپنے دفتر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری خورشید بیگ نے کہا کہ سردار غلام عباس کے مسلم لیگ ن میں آنے سے پارٹی ناقابل شکست ہوگئی ہے۔ ضلع کونسل کی چیئرمینی کے الیکشن میں پارٹی فیصلوں کے ساتھ بغاوت کرنے والوں کے اندر خوف اور ڈر موجود ہے۔ جس کی وجہ سے وہ سردار غلام عباس کیخلاف الٹے سیدھے بیان دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سردار غلام عباس کا ذاتی ووٹ بینک ہے جس نے مسلم لیگ ن کو ضلع چکوال میں ناقابل شکست بنا دیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سردار غلام عباس کیخلاف بیان دینے والے موصوف کو حلقہ پی پی23کے ضمنی الیکشن میں جانے کی توفیق تک نہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ2018کے الیکشن میں ان مفاد پرست اور موقف پرستوں کو اپنی سیاسی حیثیت کا پتا چل جائے گا۔