پی ایس 114،ایم کیو ایم کے امیدوار نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا

پی ایس 114،ایم کیو ایم کے امیدوار نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی جانب سے حلقہ پی ایس 114کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ انتخابی مہم کے آغاز پر نامزد امیدوار کامران ٹیسیوری نے ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان اور رابطہ کمیٹی کے رکن عادل خان کے ہمراہ گزشتہ شب پی ایس 114کی یوسی 6کباڑی مارکیٹ ، یوسی 2ڈیفنس ویو اور یوسی 4ٹی پی ٹو کے علاقوں میں الیکشن آفسوں کا افتتاح کیا ۔ الیکشن آفسوں کے افتتاح کے موقع پرنوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جو کہ ایک بڑے اجتماع کی شکل اختیار کر گئیں تھیں اس موقع پر نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے کامران ٹیسیوری کی پی ایس 114کی نشست پر نامزدگی کا زبردست خیر مقدم کیا اور ضمنی الیکشن میں انہیں اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ الیکشن آفسوں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہاکہ نام نہاد سیاسی اور مذہبی جماعتیں پی ایس 114کے ضمنی الیکشن سے قبل ہی ایم کیوایم (پاکستان ) کے نامزد امیدوار کامران ٹیسیوری کی بھاری اکثریت سے کامیابی پرخوفزدہ ہیں اور انہوں نے ایم کیوایم (پاکستان ) پر بلاجواز تنقید شروع کردی ہے جو کہ سیاسی طرز عمل نہیں بلکہ جمہوریت دشمن عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس 114کے عوام ایم کیوایم (پاکستان ) پر اپنے اعتماد کااظہار کرتے آئے ہیں اور ماضی میں بھی یہ نشست دھاندلی سے ایم کیوایم سے چھین لی گئی تھی اور اس نشست پر ہونے والے انتخاب کو کالعدم قرار دیا گیا تھا ۔ انہوں نے اجتماعات کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ضمنی الیکشن کے دن نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسیوری کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور ایم کیوایم (پاکستان ) مخالفین کی زبانیں بند کردیں ۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نامزد امیدوار کامران ٹیسیوری نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) کی جدوجہد اب نئے مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور ایم کیوایم (پاکستان ) پر لگائے جانے والے روایتی الزامات بھی اب دم توڑ رہے ہیں اور عوام میں ایم کیوایم (پاکستان) کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس 114کی نشست پر ہونے والا ضمنی الیکشن شہر کی سیاست کے رخ کا تعین کریگا اور انشاء اللہ عوام کی جانب سے جس طرح سے ایم کیوایم کو پذیرائی مل رہی ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ پی ایس 114کے الیکشن میں ایم کیوایم کا امیدوار ہی کامیاب ہوگا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے انچار ج حافظ اسامہ قادری اور جوائنٹ انچارج عابد زیدی و اراکین کمیٹی بھی موجود تھے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -