موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والے ٹرک ڈرائیور کو پکڑنے والے ٹریفک وارڈن کیلئے انعام کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )اپنی جان خطرے میں ڈال کر جرائم پیشہ ٹرک ڈرائیور کو پکڑنے والے دلیر ٹریفک وارڈن کو انعام سے نواز دیا گیا ۔
”ڈیلی پاکستان “ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں جرائم پیشہ ٹرک ڈرائیور کو پکڑنے کیلئے جان کی بازی لگانے والے ٹریفک وارڈن محمد جواد ادریس کو سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے 10ہزار روپے بطور انعام دیا گیا ہے ۔
ڈیلی پاکستان گلوبل سے خصوصی گفتگو میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یکم جون کو ایک ٹرک ڈرائیور نے شاہدرہ ہسپتال کے سامنے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری اور رک کر زخمی کی داد رسی کرنے کی بجائے فرار ہو گیا ۔
محمد جواد ادریس کا کہنا تھاکہ متاثرہ شہری کے رشتہ داروں نے واقعے کے بارے جونہی بتایا تو میں نے اپنی موٹر سائیکل پر ٹرک کا پیچھا کرناشروع کر دیا ۔”امامیہ پھاٹک کے قریب جونہی ٹرک ڈرائیور نے رفتار کم کی تو میں اپنی موٹر سائیکل سے اتر کر ٹرک کے فرنٹ پر بائیں جانب لٹک گیا اورڈیڑھ کلو میٹر دور جا کر ڈرائیور کو گاڑی روکنے پر مجبور کر دیا ۔
ٹریفک پولیس میں 14ویں سکیل پر خدما ت سرانجام دینے والے ٹریفک وارڈن نے کہا کہ وہ اس روز روزے کے ساتھ تھا تاہم اس دوران ٹرک کا پیچھا کرتا رہاتاہم ویڈیو دیکھ کرمیرے اہل خانہ نے مجھے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ بہادر ٹریفک وارڈن کے اس کارنامے پر سٹی ٹریفک پولیس آفیسر رائے اعجاز نے انکے لیے 10ہزار نقد رقم کا اعلان کیا ۔
ٹریفک وارڈن کی بہادری کی ویڈیو بھی دیکھیں۔