پاناما کیس، مریم نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاناما کیس کی تحقیقات کرنیوالے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم سے متعلق بیان بازی پر مریم نوازسمیت حکومتی اراکین کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی جس میں مسلم لیگ ن کے قائدین کے علاوہ وفاقی وزارت اطلاعات اور پیمرا کو بھی فریق بنایاگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سہیل بیگ نوری نامی شہری کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اپناگیا کہ مریم نواز، نہال ہاشمی، آصف کرمانی ، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی جانب سے مسلسل جے آئی ٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے جس سے تفتیش متاثر ہوسکتی ہے۔
درخواست گزارنے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ پاناما جے آئی ٹی کوسپریم کورٹ نے تشکیل دیا ہے، اس لیے فریقین کوجے آئی ٹی کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے اورمریم نواز، نہال ہاشمی ، آصف کرمانی، طلال چوہدری اوردانیال عزیز کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
یادرہے کہ وزیراعظم نوازشریف مقررہ وقت پر بغیر پروٹوکول پاناما کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوچکے ہیں جبکہ اس سے قبل حسین اور حسن نواز بھی پیش ہوئے تھے ۔