عہدے کا ناجائز استعمال، طیاروں کی کم قیمت پر فروخت کے الزامات، پی آئی اے کا غیر ملکی سی ای او عہدے سے برطرف
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ایئر لائن پی آئی اے کے قائم مقام غیر ملکی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) برنڈ ہلڈن کو عہدے کے ناجائز استعمال اور طیاروں کو انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے پر عہدے سے برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی جانب سے جرمن سی ای او برنڈ ہلڈن کو عہدے کے ناجائز استعمال اور قومی ایئر لائن کے طیاروں کو انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے سمیت مختلف الزامات پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے نوٹس پر غیر ملکی سی ای او کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی وہ ذاتی حیثیت میں الزامات کا جواب دینے کیلئے پیش ہوئے۔ شو کاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر برنڈ ہلڈن کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق برنڈ ہلڈن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل تھا تاہم انہوں نے ایک ماہ کے لیے اپنا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی تھی، نام ایس سی ایل سے خارج ہوتے ہی وہ بیرون ملک روانہ ہو گئے اور پھر پاکستان واپس نہیں آئے تھے۔