آئین اور قانون سے جب بھی تجاوز کیا گیا ملک تاریک دور میں چلا گیا ، نوازشریف کے تمام مخالفین کو پھر تاریخی شکست ہوئی ہے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آج آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے ،اسی طرح تمام اداروں پر آئین اور قانون کی پاسداری لاگو ہوتی ہے ،آئین اور قانون سے جب بھی تجاوز کیا گیا ملک تاریک دور میں چلا گیا ،میاں نوازشریف کے تمام مخالفین کو آج پھر تاریخی شکست ہوئی ہے ۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا احتساب تین دفعہ کروایا ،ان کے تمام مخالفین کو ایک بار پھر تاریخی شکست ہوئی ہے ،اس ملک میں آئین اور قانون سے جب بھی تجاوز کیا گیا تو ملک تاریک دور میں چلا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر عملی طورپر ثابت کیا کہ وہ آئین اور قانون کے پابند ہیں اور پاسداری کرتے ہیں ،اسی طرح اب تمام اداروں پر بھی آئین اور قانون کی پاسداری لاگو ہوتی ہے ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم کا نام نہیں ہے پھر بھی بلانے پر وہ جے آئی ٹی میں پیش ہو گئے ، عمران میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ،پاکستان میں آئین عوام کی حکمرانی کا نام ہے ،وزیراعظم نے اپنی تقریر میں جن کٹ پتلیوں کا ذکر کیا وہ کچھ سیاستدان بھی ہوسکتے ہیں اورمیڈیا نمائندے بھی ہوسکتے ہیں جو کچھ مخصوص چینلز پر بیٹھ کر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے منہ میں جو بھی آتاہے وہ بول دیتے ہیں ، بعض اوقات ان کا بولنا خود ان کے اپنے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ، عمران خان کا بولنا ان پر خود کش حملے کے مترادف ہے ،کوئی عمران کو نہ بولنے کے پیسے کیوں دے گا ، نتھیا گلی میں قیام کے بعد وہ سیدھا باہر جائیں گے کیونکہ اب وہ پاکستانی سیاست سے فارغ ہو چکے ہیں ، وہ ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، آج کے دن کے بعد عمران خان پر خوف طاری ہوگیا ہے ۔