ٹماٹر ، پیاز ، سبز مرچ کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ ، متعلقہ ادارے خاموش
لاہور (کامرس رپورٹر)عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی تھو ک منڈیو ں سمیت پرچون کی سطح پر بازاروں میں ٹماٹر ،پیاز ، سبز مرچ ،دیگر کئی ایک سبزیوں، بعض پھلوں اور عید پر استعمال ہونے والے مصالحہ جات کے نرخوں میں بیو پاریو ں اور تاجروں نے 20سے50فی صد تک اضافہ کر دیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس اور ضلعی حکومت کے اہلکار خامو ش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر دکانداروں نے صارفین سے منہ مانگے دام وصول کر نا شروع کر دیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق عید کی آ مد کے ساتھ ہی منافع خورمافیا نے صوبائی دارالحکو مت میں عید پر استعمال ہونیوالی متعدد اشیاء کے نرخوں میں ہوشرباء اضافہ کر دیا ہے ۔سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ہوا ہے جس کی قیمت 15روپے فی کلو سے بڑھ کر اوپن مارکیٹ میں 50روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ اسی طرح سبز مرچ دیسی60روپے ،پیاز 30روپے فی کلو،سبز دھنیہ ہانڈی بھر 10روپے سے بڑھ کر 30 روپے ،ادرک چائینہ 110سے بڑھ کر170روپے اور لیموں دیسی کی قیمت 120روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔پھلوں میں کیلا ،آم ،آڑو، سیب ،انگور اور گرما کی قیمت میں بھی 50فی صد تک اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت بھی سر کاری ریٹ لسٹ کے مطابق 260روپے ہو گئی ہے اس کے علاوہ عید پر زیادہ استعمال ہونے والے کئی ایک کریانہ فوڈ آٗٹمز اور مصالحہ جات کے نرخوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔عوام الناس نے عید سعید کے پر مسرت موقع پر مصنوعی مہنگائی کرنے پرشدید رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کو چیک کیا جائے اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔