معروف کامیڈین وکی کوبرا انتقال کرگئے،سپرد خاک

معروف کامیڈین وکی کوبرا انتقال کرگئے،سپرد خاک
معروف کامیڈین وکی کوبرا انتقال کرگئے،سپرد خاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)معروف کامیڈین وکی کوبرا کو شاہدرہ کے علاقے بوٹا پارک میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔وکی کوبرا گزشتہ رات ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے تھے۔انہوں نے لواحقین میں چار بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وکی کوبرا کافی عرصے سے بیروزگار تھے اور اسی وجہ سے وہ ہائی بلڈ پریشرکے مریض بن گئے۔وکی کوبرا کی موت انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہوئی کیونکہ ایک تو ان کے پاس کوئی کام نہیں تھا دوسری طرف علاج معالجے کے لئے رقم تک نہیں تھی۔ وہ دوماہ سے شدید علیل تھے،وکی کوبرا کو بچپن سے ہی گلوکاری اور اداکاری کا شوق تھا۔ وہ بچپن میں چھوٹی موٹی چیزیں فروخت کرتے ہوئے شوقیہ گلوکاری بھی کرتے اور مختلف فنکاروں کی نقلیں بھی اتارتے تھے۔وکی کوبرا نے بے شمار فنکاروں کی پیروڈی کرتے ہوئے شہرت حاصل کی اور ون مین شو بھی کئے لیکن تمام عمر کام کرنے کے باوجود انہیں فنکار ہی تسلیم نہیں کیا گیا کیونکہ اس بارے میں ذرائع نے بتایا کہ وکی کوبرا کو کسی نے مشورہ دیا کہ وہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے لئے درخواست دے لیکن وہ انتظامیہ کو اپنے فنکار ہونے کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکے کیونکہ نہ تو ان کے پاس اخبارات کے تراشے تھے اور نہ ہی کوئی وڈیو وغیرہ۔وکی کوبرا کے بارے مزید معلوم ہوا ہے کہ وہ پانچ سال سے شدید مالی مشکلات کا شکار تھے اور گذر بسر کرنے کے لئے راوی پل پر دال چاول فروخت کیا کرتے تھے۔
ان کی وفات پر شوبز سے وابستہ بہت سے افراد نے افسوس کا اظہار تو کیا لیکن زندگی میں کسی نے ان کا حال تک نہ پوچھا۔

مزید :

کلچر -