روپے کی قدر میں کمی نے معیشت کی کمزوری واضح کر دی ،اسمال ٹریڈرز

روپے کی قدر میں کمی نے معیشت کی کمزوری واضح کر دی ،اسمال ٹریڈرز

اسلام آباد( این این آئی)اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی نے معیشت کی کمزوری واضح کر دی ہے ،قرضوں کی بنیاد پر ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویٰ کرنے والوں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، اقتصادی اصلاحات کا نعم البدل سمجھنے والے اکنامک منیجر غلطی پر ہیں اور انکی ناکامیوں کی قیمت عوام ادا کر رہی ہے ،گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ اور حالیہ حکومت نے 6 ماہ کے دوران 3 قسطوں میں روپے کی قدر میں13فیصد کمی کر کے کروڑوں افراد کو خط غربت سے نیچے دھکیل دیا ہے۔

مگر درآمدات میں کمی سمیت مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکے ہیں،حکومت کی یقین دہانیوں کے باوجود غیر اعلانیہ طور پرروپے کومسلسل کمزور کرنے اور عوام اور کاروباری برادری کواندھیرے میں رکھنے کی پالیسی سے عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔کرنسی کی قدر کم کرنے جیسے اقدامات سے معاشی سرگرمیاں اور شرح نموکم ہو جائیں گی اور مہنگائی بڑھے گی۔

مزید : کامرس