زرعی اجناس کی حفاظت کے لئے زرعی گودام ۔ رسید پروگرام کا آغاز

زرعی اجناس کی حفاظت کے لئے زرعی گودام ۔ رسید پروگرام کا آغاز

 لاہور(کامرس رپورٹر )محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ کسانوں کی خوشحالی اور زرعی اجناس کی حفاظت کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر " زرعی گودام- رسید پروگرام" کا آغاز کیا جا رہاہے۔اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس کو سٹور کرنے کیلئے وئیر ہاؤسز(گودام) کی سہولت دستیاب ہو گی جس سے کاشتکاروں کو فصل کو محفوظ کرنے اور اسے قدرتی آفات سے بچانے کیلئے جگہ دستیاب ہو گی۔اس سے کاشتکاروں کی زرعی جنس قدرتی آفات (بارش یا کیڑا لگنا) سے بھی محفوظ رہے گی۔ان گوداموں میں زرعی جنس کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دیر تک سٹور کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔کاشتکار منڈی کی بے جا کٹوتیوں سے بھی بچا رہے گا اور اپنی اس زرعی جنس کے عوض اسے آئندہ فصل و دیگر ضروریات کیلئے بینک سے قرضہ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔اس پروگرام میں کاشتکارنامزد بینک برانچ سے رابطہ کرکے اپنا اکاؤنٹ کھلوائے گا اور مقرر کردہ گودام کی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کے بعد مطلوبہ معیار کی فصل گودام تک پہنچائے گا۔اجناس کا وزن اورمعیار کی اچھی طرح جانچ کروانے کے بعد گودام کی انتظامیہ سے رسید حاصل کرے گا۔

قرضے کے حصول کیلئے کسان نامزد بینک سے رابطہ کرکے اجناس وصولی کی رسید جمع کروائے گا اور ضروری کاروائی کے بعد فصل کے موجودہ ریٹ کے مطابق 70 فیصد تک قرضہ حاصل کر سکے گا ۔اس پروگرام کے تحت کسان اپنی مرضی سے کسی بھی وقت اس دن کے ریٹ کے مطابق اپنی زرعی جنس کسی بھی ادارے یا شخص کو فروخت کر سکے گا اور رقم کی ادائیگی متعلقہ بینک کے ذریعے ہی کی جا سکے گی۔ فروخت کی گئی رقم سے کسان بینک کو اپنے ذمہ واجبات ادا کر سکے گا۔اس پروگرام کے سہولت کاروں میں ایم سی بی بینک(MCB) سے قرضہ کی سہولت دستیاب ہو گی۔دیگر سہولت کاروں میں نظامت زرعی اطلاعات پنجاب، اسلام آباد فیلڈ ملز، اوکاڑہ جو گودام کاسہولت کار اور زرعی جنس کا بھی خریدار ہو گا، پاکستان ایگریکلچر کولیشن )رابطہ کار / آغاز کار اور ایجلٹی (گودام انتظامیہ) شامل ہو گی۔ کاشتکار مزید معلومات کیلئے0301-8266154 یا پنجاب زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 یا0800-29000 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

مزید : کامرس