اسٹٹ گارٹ اوپن،راجر فیڈرر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
اسٹٹ گارٹ(اے پی پی) شہرہ آفاق سوئس سٹار راجر فیڈرر، لیوکاس پاؤلی اور ڈینس ایسٹومن اسٹٹ گارٹ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ جرمنی میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جرمنی کھلاڑی مسشا زیوریف کو 3-6، 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایک اور پری کوارٹر فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی لیوکاس پاؤلی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ملک کے کھلاڑی روڈلف مولکر کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، ڈینس ایسٹومن بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے جرمنی کے ہی فلوریان میئر کو 6-3 اور 6-4 سے شکست فاش سے دوچار کیا۔