مستفیض الرحمان کی دورہ ویسٹ انڈیز میں شرکت مشکوک
ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیشی ٹیم کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کی فٹنس مسائل کے باعث دورہ ویسٹ انڈیز میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ مستفیض آئی پی ایل کے دوران پاؤں کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے اور اسی وجہ سے وہ افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے رواں ماہ کے آخر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ فاسٹ باؤلر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تاحال مکمل فٹ نہیں ہوئے لیکن سو فیصد فٹنس حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی طرف سے مجھے جو بھی ضروری ہدایات دی جا رہی ہیں میں ان پر پوری طرح سے عمل کر رہا ہوں۔