ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کیلئے مربوط ٹریفک پلان مرتب کرلیا

ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کیلئے مربوط ٹریفک پلان مرتب کرلیا

لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 400 ٹریفک وارڈنز کے درمیان 24 لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کر دی۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے عید الفطر کے موقع پر شہریوں کی سہولت کی خاطر مربوط ٹریفک پلان مرتب کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں ٹریفک وارڈنز کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ"تقریب تقسیمِ انعامات" میں کیا ۔اس موقع پر ایس پی سٹی ٹریفک آصف صدیق، ایس پی صدر ٹریفک سردار آصف، تمام ڈویژنل و سیکٹر انچارجز ، لیڈی ٹریفک افسران اور انعام حاصل کرنے والے ٹریفک وارڈنز نے شرکت کی۔ سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک وارڈنز نے سڑکوں پر بہترین حکمتِ عملی سے ٹریفک کے کئی مسائل حل کرنے کوشش کی ہے۔تمام سیکٹرز میں UPS، کمپیوٹرز، بائیو میٹرک حاضری اور ڈیجیٹل چالاننگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ٹریفک وارڈنز کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک وارڈنز کے روزمرہ معاملات میں آسانیاں پیدا ہوئیں بلکہ ان کا معیار زندگی بھی بلند ہوا ہے۔ لیڈی ٹریفک وارڈنز کی سڑکوں پر تعیناتی کی وجہ دے سٹی ٹریفک پولیس کے مثبت امیج میں اضافہ ہوا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران لیڈی ٹریفک اسسٹنٹس نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عید الفطر کے موقع پربھی احسن طریقے سے فرائض سرانجام دیں گے۔

سی ٹی او رائے اعجاز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر مربوط ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے جس کے مطابق 2 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز ،لیڈی ٹریفک وارڈنز و اسسٹنٹس اور 2 ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنزفرائض سرانجام دیں گے۔ عید الفطر کے موقع پر ون وے اور رانگ پارکنگ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ شہر کے پارکوں، تفریحی مقامات ، کھلے اجتماعات، مساجد و امام بارگاہوں اور قبرستانوں کے اِرد گرد ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز کی نفری کو تعینات کیا جائے گا جس کی سپرویژن ایس پی اور ڈی ایس پی حضرات کریں گے۔

مزید : علاقائی