سابق آئی جی پنجاب کیپٹن عارف نواز خان کی سینئر افسران سے الوداعی ملاقات
لاہور(کرائم رپورٹر)سابق آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سنٹرل پولیس آفس میں سینئر افسران سے الوداعی ملاقات کی ،اس موقع پرسی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی اعجاز حسین شاہ ،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین سمیت تمام دیگر افسران موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شر کت کی ۔ تمام افسران نے کیپٹن (ر)عارف نواز خان کی بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
جنہوں نے اپنی لیڈر شپ کے دوران ملازمین کی ویلفیئر کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر شاندار منصوبہ جات مکمل کئے ۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ عارف نواز خان نے بہترین پیشہ ورانہ خطوط پر پولیسنگ کا نظام وضع کیا ،یہی وجہ ہے کہ ان کے دور میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری اور جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ۔اس موقع پرسابق آئی جی پنجا ب کا کہنا تھاکہ پنجاب پولیس کی سربراہی کے دوران انہوں نے ٹیم ورک کی بدولت تمام پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کئے اور ہر موقع پر انتظامی و دیگر امور کو افسران کی مشاورت سے پوری ایمانداری سے انجام دینے کی کوشش کی ۔
ملاقات کے اختتام پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے کیپٹن عارف نواز خان کو روایتی سلامی کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس سے رخصت کیا۔