ریلوے پولیس کو عید سپیشل ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

ریلوے پولیس کو عید سپیشل ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

 لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمدآفتاب اکبر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر میں امن وامان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر اورعید اسپیشل ٹرینوں میں اضافی رش کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں،ریلوے پولیس کے تمام افسران اور اہلکار ریڈ الرٹ پر رہیں۔ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر اضافی رش کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ریاست مخالف عناصر اور مشکوک افراد پر نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پرشرپسند عناصر کی روک تھام کیلئے ریلوے پولیس کو فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔تمام ٹرینوں کو روانگی سے پہلے میٹل ڈیٹیکٹرسے چیک کیاجائے ،کسی بھی مسافر کو ریلوے اسٹیشن پر واک تھرو گیٹ کے بغیر داخل ہونے کے اجازت نہ دی جائے۔تمام ٹرینوں اور اسٹیشنز پر دہشت گردی اورجرائم سے بچنے کیلئے کمانڈوز کو تعینات کیاجائے اورمشکوک افرادپر نظر رکھی جائے، تمام اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے فنکشنل ہونے کو یقینی بنایا جائے۔ ریلوے حکام کی مدد سے تمام ریلوے اسٹیشنوں کے خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کئے جائیں۔چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی حدود میں آنے والی مساجد، امام بارگاہوں، مدرسوں اور گرجاگھروں کی مناسب سیکیورٹی کو یقینی بنایاجائے۔

مزید : علاقائی