مفتی پوپلزئی نے ’’چن‘‘ چڑھا دیا ، خیبرپختونخوا میں آج اور ملک بھر میں عیدالفطر کل ہوگی

مفتی پوپلزئی نے ’’چن‘‘ چڑھا دیا ، خیبرپختونخوا میں آج اور ملک بھر میں ...

 پشاور/کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کی مشہورمسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ایک بار پھر قوم کو تقسیم کرتے ہوئے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں ہوں گی،غیر سرکاری پوپلزئی کمیٹی کے اعلان پر خیبر پختونخوا میں آج اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر کل ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اس بار بھی دو عیدوں کی روایت برقرار رہے گی کیونکہ پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی خان میں مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ شوال المکرم 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں جید علمائے کرام نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شبقدر سے 11 ،تیمر گرہ سے4، شب اڈہ سے 6،لنڈی کوتل سے 12،سرائے نورنگ سے 4 خواتین،بٹ بیر سے چار خواتین ،سفید ڈلی سے 2 ,رستم سے 5،مردمی سے ایک ،بنوں سے 7 اور باجوڑ ایجنسی سمیت کئی جگہوں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر آج بروز جمعہ عید الفطر ہو گی۔دوسری جانب مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت گزشتہ روز رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا ،مفتی منیب الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بھر چاند دیکھنے کیلئے قائم زونل کمیٹیوں کی جانب سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔ اس لیے عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔علاوہ ازیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شوال کا چاند گزشتہ روز نظر آ گیا، مشرقی وسطیٰ میں عید الفطر آج منائی جائے گی۔

مزید : صفحہ اول