وزارت بجلی و پانی کا عید کے تینوں روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
لاہور)کامرس رپورٹر(وزارت بجلی و پانی نے عید کے تینوں روز لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دوسری جانب گزشتہ روز بھی ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ بجلی کی مجموعی طلب 24 ہزار میگاواٹ سے زائد رہی ۔بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث روزہ داروں کے لئے امتحان مزید سخت رہا ۔لوڈ بڑھ جانے سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے ٹرانسمیشن سسٹم جواب دینا شروع ہو گئے۔ کئی مقامات پر اوور لوڈ کے باعث ٹرانسفارمر جل گئے دوسری جانب ٹرانسفارمرز جلنے کی زائد شرح کے باعث بیشتر سب ڈویڑنوں میں متبادل ٹرانسفارمر کی بھی قلت ہو گئی۔لوڈ زیادہ ہونے کے باعث وولٹیج میں کمی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس کے باعث صارفین کی لاکھوں روپے مالیت کی اشیا جل کر راکھ ہو گئیں۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت ہو گئی۔ مساجد میں روزہ داروں کو وضو کے لئے بھی پانی میسر نہ ہو سکا۔ سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی علاقوں میں لوگو ں نے اندھیرے میں سحری کی اور شدید گرمی میں افطار کیا۔