شہباز شریف ، نثار ، سعدرفیق ، اور مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

شہباز شریف ، نثار ، سعدرفیق ، اور مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

لاہور/راولپنڈی/کراچی (نامہ نگار، این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، چودھری نثار،خواجہ سعد رفیق ،مریم نواز اورسعد رفیق سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز پر مختلف ناموں سے دو پاسپورٹ رکھنے کا اعتراض لگایا گیا تھا۔ اعتراض میں کہا گیا تھا کہ ان کا ایک پاسپورٹ مریم نواز اور ایک مریم صفدر کے نام سے ہے، تاہم ریٹرننگ افسر نے اعتراض مسترد کر کے کاغذات منظور کر لیے۔اس کے علاوہ حمزہ شہباز ، سلمان ، حافظ نعمان ، خواجہ عمران نذیر ، سہیل ضیاء بٹ ، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے جبکہ راولپنڈی کے حلقہ پی پی 12 کے ریٹرننگ آفیسرنے شاہد اورکزئی کا اعتراض مسترد کرکے چودھری نثار کے پی پی 12 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ شاہد اورکزئی نے اعتراض میں موقف اپنایا تھا کہ چودھری نثار سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث تھے اس لئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں جبکہ دوسری جانب حلقہ این اے 125 سے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد نے حلقہ این اے 125 میں مسلم لیگ کے زعیم قادری، پرویز ملک اور میاں مرغوب پر اعتراضات لگائے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے زعیم قادری کیخلاف درخواست میں موقف اختیار کیا کہ زعیم قادری نے الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 60,61 اور 62 کے خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، زعیم قادری نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے جبکہ ظاہر کیے گئے اثاثے بھی مبہم ہے تاہم ریٹرننگ آفیسر نے وکلا ء کے دلائل کے بعد یاسمین راشد کے وکیل کو ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیصلہ 18جون تک محفوظ کرلیا۔ اسی طرح حلقہ این اے 136 کے ریٹرنگ آفیسر نے 7امیدوارں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی اور تمام امیدوارں کے کاغذات منظور کر لئے ہیں ۔ریٹرنگ افسر این اے 136 خالد سلیم سوہل نے سات امیدوارں کے کاغزات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی ان میں این اے136 سے امیدوار محمد احمد مجید، نظام دین، چودھری احمد حسین، ذبیر احمد، ملک اسد علی، محمو یونس شامل ہیں،اس حلقے سے کل پندرہ امیدواروں نے کاغزات نامزدگی جمع کرائے تھیاور ابھی تک کسی بھی امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں ہوئے ہیں،ریٹرنگ افسر کا کہنا ہے کسی امیدوار کے خلاف کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا جس کی وجہ سے تمام کاغذات جانچ پڑتال کے بعدمنظور کر لئے گئے ہیں جبکہ ریٹرننگ آفیسرحلقہ این اے 126 افتخار النبی نے آزاد امیدوار راشد خان نیازی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ،امیدوار کا تائید کنندہ حلقہ این اے 126 کا ووٹر نہیں تھا۔ریٹرننگ افسر حلقہ این اے 126 افتخار النبی نے آزاد امیدوار راشد خان نیازی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ہیں، امیدوار کے کاغذات پر اعتراض لگایا گیا کہ اس کا تائید کنندہ بلال مقصود این اے 126 کا ووٹر نہیں ہے۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق امیدوار راشد خان نیازی کا کہنا تھا، اس کا تائید کنندہ گزشتہ 20سال سے اس حلقے کا رہائشی ہے ، امیدوار نے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے اور فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی ہے۔

شہباز/کاغذات منظور

کراچی/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن،صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اورفریال تالپور کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھا دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہید بینظیر آباد کے حلقہ این اے213سے 2 درخواست گزاروں نے آصف زرداری کے نامزدگی فارم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زرعی ٹیکس اور نہری پانی کے استعمال کا ٹیکس نہیں دیا اس لیے انہیں الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔ایک درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آصف زرداری نے سانگھڑ میں 1500 ایکڑ زمین خریدی لیکن اس پر زرعی ٹیکس نہیں دیا۔ ریٹرننگ آفیسر محمد محبوب اعوان نے درخواستیں سنتے ہوئے آصف علی زرداری کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ درخواستوں پر سماعت 18 جون کیلئے مقرر کر دی ۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنماء فریال تالپورکے کاغذات نامزدگی پراعتراضات اٹھا دئیے گئے ۔درخواست گزاروہاب بھٹواورقادربخش بھٹی نے اعتراض اٹھایا کہ سابقہ ایم پی اے فریال تالپوردبئی کی اقامہ ہولڈراوروہاں تین فلیٹس کی مالک ہیں۔اس اعتراض کے بعد لاڑکانہ کے حلقے پی ایس 10 رتوڈیرو کے ریٹرننگ آفیسرنے فریال تالپورکے کاغذات نامزدگی کے معاملے کی سماعت بھی18جون مقررکردی۔

زرداری/فریال اعتراضات

مزید : صفحہ اول