تحریک انصاف کے جلیل احمد شرقپوری مسلم لیگ (ن ) میں شامل

تحریک انصاف کے جلیل احمد شرقپوری مسلم لیگ (ن ) میں شامل

شرقپورشریف (سیّد طہماسپ علی نقوی ) تحریک انصاف کے رہنما اور سابقہ ایم این اے میاں جلیل احمد شرقپوری نے سینکڑوں کارکنوں علماء و مشائخ اور معززین کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا با ضابطہ اعلان رانا تنویر حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیااور پی پی 139سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، اس موقع پر چےئرمین میونسپل کمیٹی میاں عمران علی اشرف یعقومیہ ، پی پی 137 کے امید وار پیر اشرف رسول، پی پی 138 کے امید وار میاں عبدالرؤف، حکیم محمد سلیم اللہ ،قاضی عتیق عبداللہ ، رانا بابر منظور ، ملک ندیم محمود چوہان چےئرمین چوہدری زبیر گھگ ، چوہدری شہباز اصغر (مرحبا شادی ہال والے ) مفتی محفوظ مشہدی ،مولانا اختر رسول سمیت دیگر علمائے کرام ،کونسلرز ،چےئرمینز بھی موجود تھے۔ رانا تنویر حسین فیض پور انٹر چینج سے ن لیگ کے کارکنوں کے ہمراہ بہت بڑی ریلی کے ہمراہ جلیل احمد شرقپوری کے ڈیرے پرآئے جہاں پر انہوں نے سابقہ وزیر کا پر تپاک استقبال کیا۔ جلیل احمد شرقپوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پر عمران خان کی گرفت کمزور ہو چکی ہے میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم نہیں کی گئیں سرمایہ دار طبقہ علیم خان اور جہانگیر ترین پارٹی پر قبضہ کر چکے ہیں تحریک انصاف میں کارکنوں کی کوئی عزت نہیں لوٹوں کو نوٹوں کے عوض ٹکٹیں دی گئیں ۔ آج سے ہم اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کااعلان کرتے ہیں مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف اور رانا تنویر حسین و دیگر قیادت نے جو مجھے عزت دی ہے میں اس پران کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔علاوہ ازیں رانا تنویر حسین نے کہاکہ جلیل احمد شرقپوری ہمیشہ سے مسلم لیگی رہے ہیں اور ہمارے دیرنہ ساتھی ہیں ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت اور ہمارے کہنے پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ہے۔ تحریک انصاف نے لوٹوں کو ٹکٹیں دی ہیں اور اب یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تحریک لوٹا ازم بن چکی ہے سب سے زیادہ لوٹے عمران خان کے پاس ہیں جو دھرنوں میں ڈانس کر کرکے اپنے گوڈے تڑواتے رہے ٹکٹیں لوٹے لے گئے یہ ہے عمران خان کی تبدیلی کی باتیں جو وہ کرتے رہے ہیں۔جس کو شریعت کا علم نہیں وہ ملک و قوم کی رہنمائی کیا کرے گا عوام انتخابات میں ایماندار او رصالح قیادت کو سامنے لے کر آئے جو عوام کی خدمت کر سکے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے علماء اکرام ومشائخ عظام کوساتھ لیکر چلیں گے انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

جلیل شرقپوری

مزید : صفحہ اول