کینال پارک ، نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلہ سے ذبح کردیا

کینال پارک ، نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلہ سے ذبح کردیا

لاہور(کرائم رپورٹر 228خبرنگار)غالب مارکیٹ کے علاقہ کینال پارک میں ایک گھر سے میاں بیوی اور ایک بچے کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔تین لاشوں کی خبر سے علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، درجنوں افراد جائے وقوعہ پر اکٹھے ہوگئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر لاشوں کوقبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانہ جمع کرا دیا ہے،تینوں افرادکو تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا ہے۔ کینال پارک غالب مارکیٹ کا رہائشی 45سالہ ندیم احمد بٹ اپنی اہلیہ 35سالہ نیلم اور 9سالہ بیٹے فائق کے ساتھ رہائش پذیر تھا ،ندیم بٹ پی پی اے میں ملازم تھا گزشتہ روز ندیم بٹ اس کی بیوی نیلم اور بیٹا فائق خون میں لت پت مردہ حالت میں اپنے گھر میں پائے گئے تینوں کو تیز دھار آلہ سے ذبح کیا گیا ،پولیس کو قتل کی اطلاع مقتول کی بہن نے دی ،اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ روز سے بھائی کو فون کال کررہی تھیں لیکن رابطہ نہ ہوا، جس پر وہ اپنے بھائی ندیم کے گھر پہنچی تو اندر کمرے میں لاشیں پڑی تھیں، محلے داروں کے مطابق ندیم بٹ نہایت شریف انسان تھا اس کا کسی سے کوئی جھگڑا نہ تھا، پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا، پولیس کے مطابق مقتول کے ہمسائے کے گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے ، ندیم بٹ نے دو شادیاں کررکھی تھیں ، اس کی پہلی بیوی نے اس سے خلع لے رکھا تھا، پولیس کے مطابق اندھے قتل کی واردات کو جلد ٹریس کرلیا جائے گا چند ایک شواہد ملے ہیں جن سے ملزموں تک جلد پہنچا جاسکے گا ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

تہرا قتل

مزید : صفحہ اول