مسلم لیگ ن الیکشن میں عوامی طاقت سے بھرپور کامیابی حاصل کریگی ،سہیل محمود بٹ
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے پیٹرن انچیف و یو سی چیئر مین سہیل محمود بٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں عوامی طاقت سے بھرپور کامیاب ہو گی اور انتخابات میں کامیابی کے بعد بڑے آبی ذخائر کی تعمیر ترجیح ہو گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس کی تعمیر کی جانب عملی قدم اٹھاتے ہوئے لینڈ ایکوائر کرنے کیلئے 100ارب روپے مختص کئے۔گزشتہ روز جاری کر دہ بیان میں سہیل محمود بٹ المعروف راڈو والے نے کہا کہ پانی صرف زراعت ہی نہیں بلکہ انڈسٹری کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسی لئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آئندہ حکومت میں آنے کے بعد بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کو ترجیح دینے اور اپنے منشورمیں شامل کرنے کا پیشگی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ جس طرح توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے پورا کیا گیا ہے اسی طرح دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر بھی مقررہ وقت سے پہلے مکمل کی جائے گی جس سے نہ صرف زراعت کیلئے پانی میسر آئے گا بلکہ اس سے عوام کو مزید سستی بجلی بھی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد لاہور و پنجاب کے بعد ملک بھر میں تر قیاتی کاموں کا جال بھی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں سر انجام پائے گا۔