گورو ارجن دیو کے شہیدی دن کی تقریبات کیلئے سکھ یاتریوں کا ایمن آباداور نارووال کا دورہ
لاہور(سٹی رپورٹر )گورو ارجن دیو کے شہیدی دن کی تقریبات کیلئے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے سپیشل بسوں کے ذریعے سخت سکیورٹی میں گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباداور کرتار پور نارووال کا دورہ کیا۔ گورودواروں پر حاضری اورخصوصی عبادات کے بعدلاہور واپس پہنچ گئے ۔اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور سیکورٹی عملہ ان کے ہمراہ تھا۔ سکھ یاتری لاہور میں ایک روز گورودوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔ مرکزی تقریب کل16جون کو گورودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی ۔جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اورلوکل سکھ کمیونٹی سمیت پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و رہنما شرکت کریں گے ۔