یمن کی بندرگاہ حدیدہ اورنواحی علاقوں کیلئے5نکاتی منصوبے کااعلان

یمن کی بندرگاہ حدیدہ اورنواحی علاقوں کیلئے5نکاتی منصوبے کااعلان

ریاض (صباح نیوز)سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے یمن کی بندرگاہ حدیدہ اورنواحی علاقوں کیلئے5نکاتی منصوبے کااعلان کیاہے۔یہ اعلان حوثی باغیوں کے زیرقبضہ مرکزی ساحلی شہر پرسعودی عرب کی زیرکمان اتحادیوں کے حملے کے بعد کیاگیا۔ریاض میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ دونوں اتحادی ممالک کا مقصد ابوظہبی اور جیزان سے حدیدہ تک بحری راستہ تیار کرناہے۔امدادی منصوبے کے تحت اتحادی ممالک خوراک تقسیم کرینگے وہ اسپتالوں میں علاج معالجے، سازوسامان اور عملے کی فراہمی، مستقل بجلی گھروں کے قیام میں مدد دیں گے اور مالی تعاون کرینگے۔دوسری طرف اقوام متحدہ نے خبردار کیاہے کہ حدیدہ کی بندرگاہ پرفوجی کشیدگی سے یمنی شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناہوگا۔ایک بیان میں خصوصی نمائندے مارٹن گرفیتھس نے بھی خبردار کیاہے کہ اس سے متحارب فریقوں کو مذاکراتی میزپرلانے کیلئے ان کی کوششوں پراثرات مرتب ہوں گے۔

اقوام متحدہ کے تنازعہ کے سیاسی حل کے مضبوط عزم کااعادہ کرتے ہوئے خصوصی نمائندے نے کہاکہ فوجی محاذ آرائی سے بچنے کیلئے ہرممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4