عید روزہ داروں کیلئے اللہ تعالی کے انعام کا دن ہے، دردانہ صدیقی

عید روزہ داروں کیلئے اللہ تعالی کے انعام کا دن ہے، دردانہ صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک اصلاح قلب اور تزکیہ نفس کی ایک مشق ہے جس کی کامیابی پر حصول تقوی کے انعام کے طور پر عید الفطر ہم پر سایہ فگن ہوتی ہے۔ عید سعید کی خوشیوں میں اپنے ارد گرد موجود غمزدہ، دکھی اور مصیبت کے شکار خاندانوں کو خصوصی طور پر شامل رکھیں اور پوری امت کے لیے دعا کریں ۔ یہ بات جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے عید الفطر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔انہوں نے کہا کہ عید اللہ کی کبریائی کا اظہار اور نعمت خداوندی کا شکرانہ ہے۔ اس لئے مخلوق خدا کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے تاکہ وہ افراد جو اللہ کی نعمتوں سے محروم ہیں وہ بھی عید کی حقیقی مسرتوں کے حقدار بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مصائب کا حل اللہ کی طرف پلٹنے اور اسکے نظام کو اس زمین پر قائم کرنے میں ہے۔اللہ کی بڑائی کا حقیقی اظہار انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اسکے احکامات کا نفاذ ہے۔آج ہمیں چاہیئے کہ ہم رمضان اور قرآن سے حاصل ہونے والے تقوی کے ذریعے اللہ کے نظام کو غالب کرنے کا عزم کریں۔دنیا سے ظلم کا خاتمہ اور اسلام کے نظام رحمت کے ذریعے ہی عید کی حقیقی خوشیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

مزید : ایڈیشن 2 /پشاورصفحہ آخر