تبلیغی جماعت بس حادثہ کے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

تبلیغی جماعت بس حادثہ کے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیک ...

کوہاٹ (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں تبلیغی جماعت کے بس حادثہ جس میں مندوری تحصیل لا چی کے30افراد جاں بحق ،23 شدیدزخمی اور 20 افرادمعمولی زخمی ہوئے تھے کے لواحقین میں صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم کے چیک تقسیم کردئیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لاچی سمیع الرحمن،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ سمیع اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔جاں بحق افرادکے لواحقین کوفی کس5لاکھ روپے ، شدیدزخمی افراد کو3لاکھ روپے جبکہ معمولی زخمیوں کو1لاکھ روپے کے چیک دئیے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد الیا س کاکہنا تھا کہ موت کا ایک دن مقررہے اور کوئی اس میں ردو بدل نہیں کرسکتا۔ان کامزید کہناتھاکہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم یہ معمولی سی رقم حکومت کی جانب سے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار ہے اور انہیںیہ احساس دلانا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے دکھ درد میں برابرکی شریک ہے۔بعد ازاں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں چیک تقسیم کئے۔

مزید : ایڈیشن 2 /پشاورصفحہ آخر