کراچی،کاغذات نامزدگی کی جانچ پرٹال کا عمل تیسرے روز بھی جاری رہا

کراچی،کاغذات نامزدگی کی جانچ پرٹال کا عمل تیسرے روز بھی جاری رہا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)عام انتخابات 2018کے لیے کراچی میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، کامران ٹیسوری، کنور نوید جمیل، تحریک انصاف کے علی زیدی اور ایم آئی ٹی کے ڈاکٹرسلیم حیدر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔بدھ کو سٹی کورٹ میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر امیدوار اپنے وکلا اور حامیوں کے ہمراہ پہنچے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کامران ٹیسوری کے ہمراہ سٹی کورٹ پہنچے تو کارکنان نے نعروں سے استقبال کیا۔فاروق ستار کے حلقہ این اے 241پر کاغذات منظور جبکہ این اے245 اور247پر فیصلہ 19جون تک محفوظ کر لیا گیا۔اسکروٹنی کے عمل کے دوران ریٹرننگ افسر نے فاروق ستار سے سوا ل کیا کہ آپ نے کبھی بینک سے قرضہ لیا ہے ،جس پر انہوں نے کہا کہ نہیں میں نے نہ قرضہ لیا اور نہ معاف کیا ۔دوہری شہریت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں سچا پاکستانی ہوں ۔ریٹرننگ افسر نے استفسار کیا کہ آپ نے دستاویزات میں لکھا ہے کہ ترقیاتی کام کرائے گئے آپ کے پاس کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی فہرست ہے ،فاروق ستار نے کہا کہ جی بالکل میں نے ترقیاتی کام کرائے ہیں ۔ریٹرننگ افسر نے دستاویزات کے لیے سرکاری اداروں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فاروق ستار کو 19جون کو دوبارہ اسکروٹنی کے لیے طلب کرلیا ہے ۔جبکہ کراچی کے اہم حلقہ 247پر فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی کے جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ 19جون تک محفوظ کرلیا۔ادھر فاروق ستار کے حلقہ این اے 241پر کاغذات منظورکرلیے گئے ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ الیکشن مائنس ون نہیں مائنس ایم کیوایم نظر آرہے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سینٹر فروغ نسیم کے ہمراہ نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کے لیے پہنچے۔قومی اسمبلی کے حلقے این اے255 سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر فاروق ستار کو دعوت دے رہے ہیں اور ٹکٹ بھی دیں گے وہ ہمارے مضبوط امیدوار ہوں گے۔دوسری جانب حلقہ این اے 250 سے ایم ایم اے کے امید وار حافظ نعیم الرحمن ،این اے244سے تحریک انصاف کے علی زیدی ،ے این اے 253 سے مسلم لیک ن کے خالد ممتاز ،بلال غفار ،تاج وسان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔صوبائی اسمبلی کے لیے پی ایس 92سے ایم کیوایم کے فرخ رضاایڈووکیٹ ،پی ایس 97سے مسلم لیگ ن کے عظیم خان ، پی ایس 104 سے پی ایس پی کے حسان صابر ،فوزیہ حمید ،پی ایس 126سے ایم ایم اے کے فاروق نعمت اللہ خان،پی ایس 110اور 111سے معروف تاجر ایاز موتی والا اور پی ایس 126سے ایم آئی ٹی کے ڈاکٹر سلیم حیدر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے ۔این اے 255اور پی ایس 96سے کامران ٹیسوری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔اس موقع پر کامران ٹیوری نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن لگتی ہے۔موجودہ صورتحال میں ایم کیوایم کو 20سے25فیصد نشستیں ملیں گی۔ساری صورتحال نئی حلقہ بندیوں کی وجہ سے ہورہی ہے۔علاوہ ازیں نسرین جلیل کے حلقہ این اے 247 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ،جس کے بعد فیصلہ 19تاریخ تک کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے ۔۔ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہارکی حلقہ پی ایس 124 سینٹرل سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی بھی مکمل ہوگئی ہے ۔کاغذات نامزدگیوں کی مزید جانچ پڑتال عید کی چھٹیوں کے بعد 19 جون کو ہو گی۔