دبئی میں میاں بیوی کو ازدواجی تعلق قائم کرنے پر گرفتار کرلیاگیا کیونکہ۔۔۔
دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) دبئی میں شادی شدہ جوڑے کو غیرقانونی طریقے سے ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر گرفتار کرلیاگیا ،خاتون کو تکلیف ہونے پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں انکشاف ہوا کہ اس کا حمل ضائع ہوگیا تاہم شادی سے متعلق کاغذات کی عدم دستیابی پر جوڑے کو حراست میں لے لیاگیا۔
گلف نیوز کے مطابق 28سالہ نیپالی ویٹرس کو شدید دردیں اور خون آنا شروع ہوگیا جس پر ان کے ہم وطن 29سالہ کلرک اسے ہسپتال لے گیا۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے ویٹریس کو بتایاکہ وہ ایک ماہ کی حاملہ تھی لیکن حمل ضائع ہوگیالیکن جب شادی سے متعلق ضروری دستاویزات کا مطالبہ کیاگیاتو کلرک اور ویٹریس نے بتایاکہ وہ شادی شدہ ہیں لیکن ان کے پاس نکاح نامہ وغیرہ موجود نہیں۔
اس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کردی ۔ پولیس نے مرد کو حراست میں لے کر خاتون کے ہسپتال کے کمرے کے باہر ایک خاتون اہلکار کو تعینات کردیا تاکہ ہسپتال سے فراغت پر حراست میں لیاجاسکے۔ دوران تفتیش جوڑے نے بتایاکہ نیپال میں ان کی شادی ہوئی تھی لیکن اخراجات کی وجہ سے کاغذی کارروائی مکمل نہ کی۔
پراسیکیوشن نے جوڑے پر شادی کے بغیرازدواجی تعلقات کا الزام لگادیا جبکہ لڑکے نے الزام کی تردید کرتے ہوئے بتایاکہ ” ہم نے غیرقانونی تعلقات قائم نہیں کیے، وہ میری حقیقی اہلیہ ہیں لیکن ہمیں کاغذات حاصل کرنے میں تاخیر ہوگئی اور متعلقہ محکمے میں اندراج نہ کرواسکے کیونکہ اس وقت ہمارے پاس اتنی رقم نہ تھی ‘۔ بعدازاں جوڑے نے متعلقہ حکام کا تصدیق شدہ نکاح نامہ عدالت میں پیش کردیا۔
.دوران تفتیش لڑکی نے بتایاکہ میں جس ہوٹل میں کام کرتی ہوں، وہیں پر اپنے ہم وطن سے ملی ، ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہوئی اور پھر ستمبر 2017ءمیں واپس نیپال جا کر مندر میں شادی کرلی ، ہم دبئی میں اکٹھے رہ رہے تھے اور فروری میں محسوس ہوا کہ میں حاملہ ہوں، پھر دردمحسوس کی تو ہسپتال چلے گئے۔
تمام شواہد اور قانونی کارروائی مکمل ہونے پر عدالت نے جوڑے کو بری کردیا۔