برطانوی پولیس کے غیر مسلم اہلکاروں نے بھی روزہ رکھ لیا تاکہ۔۔۔ وجہ جان کر آپ بھی داد دیں گے
لندن(نیوز ڈیسک)برطانوی شہر نارتھ ہیمپٹن شائر کی پولیس کے کچھ غیر مسلم اہلکار بھی اس رمضان المبارک کے دوران مسلمان شہریوں کے ساتھ مل کر 18 گھنٹے کا روزہ رکھتے رہے۔ نارتھ ہیمپٹن شائر پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے غیر مسلم پولیس اہلکاروں نے بھی رمضان المبارک کے دوران روزے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان اہلکاروں کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جو ہیڈلینڈز کی مسجد میں افطاری میں شریک نظر آتے ہیں۔ مسلمان کمیونٹی کی جانب سے بھی مقامی پولیس کے اس اقدام کو سراہا گیا۔ مقامی مسجد کے منتظم ایوب عبداللہ کا کہنا تھا ”یہ دیکھ کر دل بہت خوش ہوا کہ غیر مسلم پولیس اہلکاروں نے بھی ہمارے ساتھ روزے رکھے اور وہ اپنے اہلخانہ سمیت ہمارے ساتھ افطاری میں بھی شریک ہوتے رہے۔ یہ پولیس اہلکار ہمارے لئے ہمیشہ بہت مددگار رہے ہیں اور ہر مشکل وقت پر ہمارے ساتھ موجود رہے ہیں۔“
روزے رکھنے والے ایک غیر مسلم اہلکار کمیلا پول نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا ”سارا دن بغیر کچھ کھائے پئیے گزارنا میرے لئے ایک نیا تجربہ تھا اور میں نے محسوس کیا ہے کہ اس کیلئے کافی ہمت اور خود پر کنٹرول کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ میرے لئے بہت اچھی تربیت تھی۔“
نارتھ ہیمپٹن ایسوسی ایشن آف مسلم پولیس کی سربراہ صوفیہ پروین کا کہنا تھا ”میں توقع نہیں کررہی تھی کہ غیر مسلم اہلکار روزہ رکھنے کیلئے پرجوش ہوں گے لیکن یہ دیکھ کر بہت حوصلہ افزائی ہوئی کہ وہ اس کیلئے بالکل تیار تھے۔ لوکل مسلم کمیونٹی کو اس سے بہت اچھا پیغام ملا ہے کہ ان کی پولیس ہر حال میں ان کے ساتھ ہے اور انہیں بہتر طور پر سمجھنے کیلئے پرجوش ہے۔ یہ بات پولیس اور لوکل کمیونٹی دونوں کیلئے بہتر ہے۔“